حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی اور مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ نے مرکزی دفتر میں راولپنڈی اسلام آباد کے تنظیمی کارکنان کے ساتھ یوم القدس کی ریلی بھرپور انداز میں منعقد کرنے کے حوالے سے اھم میٹنگ کی۔ دو ضلعوں کے اہم تنظیمی احباب اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ مولانا قاسم جعفری، مولانا کوثر حیدری، مولانا فرحت عباس جوادی، مولانا رضا محمد خان، مولانا گردیزی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
علامہ عارف واحدی نے اپنی گفتگو میں تمام تنظیمی کارکنوں کو تنظیم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا: ہمیں فخر ہے کہ ہم سب اپنے قومی پلیٹ فارم کے نظریاتی کارکن، ورکر اور قائد بزرگوار کے سپاہی ہیں۔
انہوں نے کہا: اس وقت امریکہ کی سرکردگی میں اسرائیل اور انڈیا، فلسطین اور کشمیر میں ظلم و بربریت اور سفاکیت کی انتہا کر رہےہیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی اوراسرائیلی مظالم پر احتجاج کے لئے پوری دنیا میں ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ (جمعۃ الوداع) کو حضرت امام خمینی کے حکم پر یوم قدس کےطور پر منایا جاتا ہے۔ اسی طرح پاکستان میں بھی قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پہ شہر شہر، قریہ قریہ یوم القدس بہت بڑی شان و شوکت سے منایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ان شااللہ اس سال بھی پورے ملک میں شیعہ علما کونسل کے کارکنان جوش و جذبے کے ساتھ یوم القدس منا کر اسرائیل کو پیغام دیں گے کہ پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کا غیور مسلمان بھی تمہارے مقابلے میں فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہم سب شیعہ سنی اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت کے ساتھ یہ اعلان کریں گے کہ ہم ایک امت ہیں۔ دنیا کے کسی حصے میں بھی کسی انسان پر ظلم ہو گا تو حضرت امیرالمومنین علیہ السلام کے فرمان "کونا للظّالم خصماً و للمظلوم عوناً" کے مطابق مظلوم و مقہور لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
نشست کے آخر میں کارکنان کے ساتھ قدس ریلی اور دیگر تنظیمی امور پر طویل مشاورت ہوئی۔ علامہ عارف واحدی نے کارکنوں کے سوالات کے جواب دئے اور سب کا ایک بار پھر سب کا شکریہ ادا کیا اورپھر قائد محترم کی طرف سے کارکنوں کو افطار ڈنر دیا گیا۔